بنگلورو 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد سدارامیا نے آج اُن افواہوں کو مسترد کردیا کہ کانگریس اور جے ڈی ایس کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔ بی جے پی کی اس افواہ کو رد کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات دونوں پارٹیاں مل کر لڑیں گی۔ کانگریس ۔ جنتادل سیکولر نے بھی اُن کے اور نائب وزیر اعلیٰ پرمیشور کے درمیان کسی اختلاف کو مسترد کردیا کہ قلمدانوں کی تقسیم میں رنجشیں پیدا ہوئی ہیں۔ سدارامیا نے کہاکہ بی جے پی اپوزیشن میں بیٹھنے کو پسند نہیں کرتی اور غلط طریقوں سے حکومت سازی کی کوشش کررہی ہے۔ سدارامیا آج بی جے پی رکن اسمبلی کے اس دعوے کا جواب دے رہے تھے جس میں اُنھوں نے کہا تھا کہ برسر اقتدار حکومت کے 15 ناراض ارکان اسمبلی کا بی جے پی کے ساتھ ربط ہے اور بہت جلد وہ اُن کو ساتھ لے کر حکومت سازی کرے گی۔ ہبلی میں اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوگا اور حکومت اپنی میعاد پوری کرے گی۔