حیدرآباد /25 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔ افضل گنج پولیس کے مطابق 17 سالہ غلام محمد ابرار جو علی باغ علاقہ کالاپتھر کے ساکن غلام یزدانی کا بیٹاتھا کل شام معظم جاہی مارکٹ سے موٹر سائیکل پر گذر رہا تھا کہ افضل گنج کے علاقہ میں حادثہ پیش آیا اور اس کی موٹر سائیکل بے قابو ہوکر ریوڈ ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی اور برقی پول کی زدمیں آکر ابرار شدید زخمی ہوگیا جو آج صبح علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس کے مطابق 50 سالہ عبدالغنی جو کونڈا پور کے ساکن خواجہ معین الدین کے فرزند کل رات اپنی بیوی کے ہمراہ کے پی ایچ بی کے علاقہ میں سڑک عبور کر رہے تھے کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ سیف آباد پولیس کے مطابق 32 سالہ شیخ مصطفی اجو یوسف گوڑہ کے ساکن خواجہ میاں کا فرزند تھا ۔ پیشہ سے میوہ فروش بتایا گیا ہے ۔
کل شام وہ سیف آباد کے علاقہ میں ٹریفک سگنل کے قریب سڑک عبور کرنے کی کوشش کر رہاتھا کہ آٹو ٹرالی کی زدمیں آکر شدید زخمی ہوگیا اور رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ دنڈیگل پولیس کے مطابق 33 سالہ لنگم جو مزدور تھا میڑچل کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ وہ کل سڑک عبور کرنے کے دوران لاری کی زدمیں آکر ہلاک ہوگیا ۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 21 سالہ سریش جو طالب علم تھا حیات نگر میں رہتا تھا اور ورنگل کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ وہ اپنے ساتھی کے ہمراہ آوٹر رنگ روڈ کے قریب پیش آئے حادثہ میں برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ کندکور پولیس کے مطابق 38 سالہ پربھاکر جو خانگی ملازم تھا کندکور میں رہتا تھا ۔ کل موٹر سائیکل پر جارہاتھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔