مخالف اسٹرلائٹ تشدد کی ٹاملناڈو اسمبلی میں گونج

چینائی 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) ٹوٹی کورین میں اسٹرلائٹ فیاکٹری کے خلاف پرتشدد احتجاجوں کی ریاستی اسمبلی میں آج پھر ایک بار گونج سنائی دی جبکہ اپوزیشن ڈی ایم کے نے بعض مسائل کو اُٹھانے کی اجازت دینے سے انکار پر ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ حکومت نے اصل اپوزیشن پارٹی سے کہاکہ ایک رکنی انکوائری کمیشن سے رجوع ہو جس کی قیادت ریٹائرڈ مدراس ہائی کورٹ جج ارونا جگدیشن کررہی ہیں۔ اِس کمیشن کو تشدد اور پولیس فائرنگ کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جو جنوبی ضلع میں واقع اسٹرلائٹ یونٹ کے خلاف احتجاجوں کے دوران پیش آئے۔ اِس واقعہ میں 13 لوگوں کی جان گئی۔ جب اپوزیشن لیڈر ایم کے اسٹالن نے 22 مئی کے واقعہ سے متعلق کچھ مسئلہ اُٹھانا چاہا تو اسپیکر پی دھنپال نے ابتداء میں اجازت سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ اِس معاملہ پر معقول مباحثہ ہوچکا اور چیف منسٹر کے پلانی سوامی ایوان میں اِس بارے میں بیان دے چکے ہیں۔ تاہم ڈی ایم کے کی طرف سے اصرار پر اُنھوں نے اسٹالن کو مختصر ریمارکس کی اجازت دی جس پر ناراض اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔