حیدرآباد۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما نے گزشتہ روز منگل کو محکمہ محابس کے پہلے اسپورٹس میٹ کا افتتاح کیا۔ مسٹر شرما نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور اپنے افتتاحی خطاب میں شرکاء کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور محکمہ محابس میں منفرد و مثالی پروگراموں کے آغاز پر ڈائریکٹر جنرل پریزنس ونئے کمار سنگھ کو مبارکباد پیش کی۔ تلنگانہ کے محکمہ محابس کے زیراہتمام پہلی اسپورٹس میٹ 2014ء جو 27 جنوری کو شروع ہوئی۔ 29 جنوری جمعرات کو ختم ہوگی۔ محکمہ محابس کے عہدیداروں اور ملازمین میں اعتماد سازی کیلئے اس قسم کے پروگرامس منعقد کئے جاتے ہیں۔ اس اسپورٹس میٹ میں والی بال، بیڈمنٹن، کبڈی، کرکٹ، باسکٹ بال، ٹینس اور دوسرے کھیل شامل ہیں۔ علاوہ ازیں لانگ جمپ، ہائی جمپ، شوٹ پٹ، دور اور کراٹے جیسے اتھلیٹک مقابلوں کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں 150 افسران اور ملازمین حصہ لے رہے ہیں۔ ڈی جی پریزنس تلنگانہ نے افتتاحی تقریب کی صدارت کی۔ ڈی جی پریزنس آندھراپردیش کرشنا راجو، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس ستیہ نارائنا، انسپکٹر جنرل پولیس انجن کمار نے شرکت کی۔ انسپکٹر جنرل پریزنس ایم چندر شیکھر نے خیرمقدمی خطاب کے دوران اس محکمہ کی طرف سے شروع کردہ مختلف پروگراموں کا تفصیلی تذکرہ کیا۔