پولیس کو سڑک حادثہ کا شبہ ، متوفی کی والدہ کو قتل کا شبہ ، پولیس تحقیقات جاری
حیدرآباد /23 جولائی ( سیاست نیوز ) افضل گنج پولیس محمود بیگ کی مشتبہ موت کا معمہ حل کرنے کی کوشش میں جٹ گئی ہے ۔ ہاسپٹل سے دستیاب اطلاع پر کارروائی کا آغاز کرنے والی پولیس تاحال متوفی نوجوان کے زخمی ہونے کا ثبوت حاصل نہیں کرسکی ۔ افضل گنج پولیس 22 سالہ محمود بیگ کی موت کو سڑک حادثہ مانتی ہے ۔ جبکہ متوفی کی والدہ نے ان کے بیٹے کے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ ان کے بیٹے کو اس کے ساتھیوں نے بلندی سے ڈھکیل دیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق علاقہ چنچل گوڑہ کا ساکن محمود 19 جولائی کی رات اپنی ایکٹیوا موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ چادرگھاٹ کے علاقہ میں حادثہ پیش آیا ۔ ایک تیز رفتار کار نے اسے ٹکر دے دی اور چند نامعلوم افراد نے محمود کو ہاسپٹل منتقل کیا ۔ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی اطلاع پر افضل گنج پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ تاہم پولیس زخمی کا ریکارڈ حاصل نہ کرسکی ۔ چونکہ اس وقت وہ بات کرنے کے موقف میں نہیں تھا ۔ حالانکہ افضل گنج پولیس نے ایک سے دو مرتبہ کوشش بھی کی ۔ باثوق ذرائع کے مطابق دو دن قبل محمود بیگ نے ان کی والدہ کو زخمی ہونے کی وجہ بتائی اور کہا تھا کہ وہ سڑک حادثہ میں زخمی نہیں ہوا بلکہ حسینی علم کے علاقہ میں اس کے ساتھیوں نے اسے 5 ویں منزل سے دھکا دیکر نیچے ڈھکیل دیا اور وہ اس کے سبب شدید زخمی ہوگیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق متوفی کی والدہ کو اس نے ساتھیوں کے نام بھی بتائے ہیں ۔ پولیس کی کارروائی اور متوفی کی والدہ کے الزامات کے متعلق جب اس کیس کی تحقیقات کر رہے عہدیدار سب انسپکٹر آف پولیس افضل گنج مسٹر ناگراجو سے بات کرنے پر انہوں نے بتایا کہ پولیس افضل گنج فی الحال سڑک حادثہ میں ہلاک کا مقدمہ درج کیا تھا کیس کا رخ قطعی مرحلہ میںنہیں پہونچا متوفی کی والدہ کے الزامات کا پولیس نے جائزہ لیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ سب انسپکٹر نے بتایا کہ پولیس اس کیس کی یکسوئی میں سنجیدہ اور مصروف تحقیقات ہے ۔