ڈھاکہ ، یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) محمود اللہ ریاض نے اپنی تیسری ٹسٹ سنچری بناتے ہوئے بنگلہ دیش کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں مضبوط پوزیشن دلائی جو بعدازاں مہمانوں کی کافی ناص بیٹنگ نے مضبوط تر بنا ڈالی ہے۔ بنگلہ دیش کے پہلی اننگز میں 508 کے ہمالیائی اسکور کے جواب میں آج یہاں دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک ونڈیز کی 75/5 پر افسوسناک صورتحال ہوگئی۔ محموداللہ نے صبح میں 31 کے اپنے کل کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا اور چائے کے وقفے تک میزبانوں نے 471/8 اسکور کرلئے ۔ محمود نے چھٹی وکٹ کیلئے 111 رنز شکیب الحسن کے ساتھ اور ساتویں وکٹ کیلئے 92 رنز لیٹن داس کے ساتھ جوڑے۔ آخری سیشن میں میزبان ٹیم 508 پر آل آؤٹ ہوئی۔ تاہم، اس کے بعد اختتام تک جو کچھ ہوا وہ شکیب زیرقیادت ٹیم کیلئے بہت شاندار ہوا۔ شکیب نے 2 اور مہدی حسن نے 3 وکٹیں لے کر ویسٹ انڈیز کو 75/5 تک گھٹا دیا۔