حیدرآباد /3 فروری ( سیاست نیوز ) چندا نگر پولیس نے محمد نسیم کے قتل کیس میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا اور انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اپنی عادتوں کو بدلنا اور شراب نوشی کو ترک کرنا نسیم کی موت کا سبب بن گیا ۔ نسیم کے قاتل جو اس کے ساتھی بتائے گئے ہیں 22 سالہ کرن اور 20 سالہ کشور ساکنان لنگم پلی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ یہ بات ایڈیشنل ڈی سی پی مادھاپور مسٹر مداپاٹی سرینواس نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں نے منصوبہ بند طریقہ سے 31 جنوری کی رات یہ اقدام کیا ۔ نسیم جس نے شراب نوشی اور پارٹیوں میں گھومنا پھرنا اور آوارگی ترک کردی تھی وہ اچھے شہری کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتا تھا ۔ لیکن یہ بات اس کے ساتھیوں کو گوارہ نہیں تھی ۔ کشور اور کرن نے نسیم کو کافی مرتبہ شراب نوشی کیلئے مدعو کیا اور دعوت و تقاریب پر طلب کیا ۔ تاہم نسیم نے انکار کردیا تھا ۔ 31 جنوری کی رات منصوبہ طریقہ سے ان دونوں نے نسیم کو طلب کیا اور گوپی نگر تالاب لے گئے اس مقام پر انہوں نے مئے نوشی کی اور جبراً نسیم کو شراب پلائی ۔ جس کے بعد سنسان مقام پر لے گئے اور تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے نسیم کا قتل کردیا اور فرار اختیار کرلی ۔ مادھاپور کے ایڈیشنل ڈی سی پی نے بتایا کہ ان دونوں قاتلوں کو عدالتی تحویل میں دیا گیا ہے ۔