قاہرہ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مصر کی عدالت نے معزول صدر محمد مرسی کے خلاف قتل کے مقدمہ کی سماعت آج معطل کردی کیونکہ ان کے وکلاء نے نئے ججس کی درخواست کی ہے۔ ذرائع نے یہ بات بتائی۔ مرسی کے خلاف یہ تیسرا مقدمہ ہے جو معطل کیا گیا ہے۔ اس مقدمہ میں محمد مرسی پر ڈسمبر 2012ء میں صدارتی محل کے باہر اپوزیشن احتجاجیوں کو ہلاک کرنے کے لئے اکسانے کا الزام ہے۔ وکلائے دفاع نے اس مقدمہ کی سماعت کررہے تین کے منجملہ دو ججس کو تبدیل کرنے کی خواہش کی ہے۔
شام میں کار بم دھماکہ ، 15 ہلاک
بیروت ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شام کے وسطی شہر ہما میں کار بم دھماکہ ہوا جس میں 15 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ غیر سرکاری تنظیم کے ڈائرکٹر رمی عبدالرحمن نے بتایا کہ ضلع آرمینیا میں یہ دھماکہ ہوا جہاں عیسائیوں اور ال لواتی کی اکثریت ہے۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مین روڈ پر دہشت گرد حملہ کیا گیا جس میں کئی لوگ ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ ہومس کا مشرقی پڑوسی علاقہ حکومت کے زیرکنٹرول ہے۔