محمد عباس کا پاکستان کیلئے نیا ریکارڈ، نمبر ون کی سمت گامزن

ابوظہبی۔17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس کی شاندار بولنگ کا سلسلہ جاری ہے جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں بھی عمدہ بولنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ایک نیا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ محمد عباس نے جیت راول کو آؤٹ کر کے پاکستان کو میچ میں بہتر موقف دلانے کے ساتھ ٹیم کے لئے ایک نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا اور وہ اپنے کرئیر کے پہلے ٹسٹ کے بعد سے لگاتار 20 اننگز میں وکٹ لینے والے پاکستان کے پہلے بولر بن گئے۔ اپنے کیریئر کا 11واں ٹسٹ میچ کھیلنے والے محمد عباس نے گزشتہ سال ٹسٹ کرئیر کا آغازکیا ہے اور اس کے بعد سے اب تک مسلسل 20 اننگز میں وکٹیں لے چکے ہیں جو پاکستان کی جانب سے ایک ریکارڈ ہے۔اس سے قبل پہلے ٹسٹ کے بعد لگاتار 19 اننگز تک وکٹیں لینے کا ریکارڈ اسپنر عبدالرحمان کے پاس تھا جبکہ کیریئر کی ابتدائی 32 اننگز میں لگاتار وکٹیں لینے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر شین بانڈ کے پاس ہے۔ علاوہ ازیں پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس 2018 میں سب سے زیادہ خطرناک بولنگ کی ہے اور جس طرح کی کارکردگی کا وہ مظاہرہ کررہے ہیں ، اس کے پیش نظر وہ سال 2018 میں سب سے زیادہ ٹسٹ وکٹ لینے والے بولر بن سکتے ہیں۔ اس سال اب تک سب سے زیادہ وکٹ لینے والوں کی فہرست میں کیسگو ربادا سر فہرست ہیں۔ ربادا کے نام 46 وکٹ ہیں۔ وہیں دوسرے نمبر پر جیمس اینڈرسن ہیں جن کے نام 43 ٹسٹ وکٹس ہیں۔ تیسرے نمبر پر محمد عباس ہیں ، جن کے نام اب تک 38 ٹسٹ وکٹ ہوچکی ہیں۔ محمد عباس اس سال اپنا چھٹا ٹسٹ کھیل رہے ہیں۔ انہیں اس سال مزید دو ٹسٹ کھیلنے ہیں اور امید ہے کہ وہ سال 2018 میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بن سکتے ہیں۔