محمد عامر 9مارچ کو پہلا مقابلہ کھیلیں گے

کراچی۔5فبروری(سیاست ڈاٹ کام)آئی سی سی کی جانب سے اسپاٹ فکسنگ تنازعہ میں پانچ سال کی پابندی کا شکار پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر جن کو آئی سی سی کی اینٹی کرپشن یونٹ نے حالیہ دنوں میں ڈومسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی ہے جس کے بعد بائیں ہاتھ کے باصلاحیت بولر نے کراچی سے تعلق رکھنے والی ٹیم عمر اسوسی ایٹ سے معاہدہ کیا ہے اور اب وہ 9مارچ کو گریڈ II کا مقابلہ کھیلیں گے ‘ اس طرح پانچ برسوں کے دوران محمد عامر کا یہ پہلا مقابلہ ہوگا ۔ محمد عامر جن پر 2010ء میں پابندی عائد کی گئی تھی اور وہ پابندی کے دوران غیررجسٹرڈ شدہ کلبس جو کہ لاہور اور راولپنڈی میں موجود ہیں اُن کے مقابلوں میں کرکٹ کھیل رہے تھے لیکن اب تقریباً ساڑھے چار برس بعد پہلی مرتبہ محمد عامر کسی مسلمہ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈومسٹک مقابلہ کھیلیں گے ۔ محمد عامر کی پاکستانی ٹیم میں واپسی کے متعلق اختلافات پائے جاتے ہیں جیسا کہ بعض عظیم کھلاڑی محمد عامر کی پاکستانی ٹیم میں واپسی کے حق میں ہے تو بعض اہم کھلاڑی محمد عامر کو پاکستانی کرکٹ کیلئے ایک بدنما داغ قرار دیتے ہیں ۔ محمد عامر کی پاکستانی ٹیم میں واپسی آسان نہیں ہوگی کیونکہ جیسے ہی آئی سی سی اور پی سی بی کی جانب سے محمد عامر کو ڈومسٹک کرکٹ میں کھیلنے کی راہ ہموار کی گئی ہے تو دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں ان کی واپسی کے خلاف ایک درخواست داخل کی گئی ہے ۔ سماجی کارکن فیض الحق حسن نے ہائیکورٹ میں یہ کہتے ہوئے درخواست داخل کی ہے کہ عامر ایک میچ فکسر ہیں اور ٹیم میں ان کی واپسی نہیں ہونی چاہیئے ۔ عدالت نے یہ درخواست قبول کرنے کے علاوہ 16فبروری کو سنوائی بھی مقرر کی ہے ۔