لارڈز ۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش بیٹسمین جو روٹ نے کہا ہے کہ محمدعامر سے کوئی گلہ نہیں، آئندہ ماہ مجوزہ پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے دوران ان کے خلاف کھیلنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ پاکستان نے دورہ انگلینڈ کیلئے عامر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ محمد عامر 6 برس بعد انگلش سرزمین پر ایکشن میں دکھائی دیں گے ۔ 2010 میں دورہ انگلینڈ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کرنے پر عامر کو 5 برس پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم سزا مکمل ہونے کے بعد انہوں نے گزشتہ برس بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی ہے۔2010 میں کھیلے گئے لارڈز ٹسٹ کو براڈ کی 169 رنز کی ریکارڈساز اننگز کی بجائے اسپاٹ فکسنگ اور میچ فکسنگ تنازعہ کی وجہ سے یاد رکھا جاتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انگلش مڈل آرڈر بیٹسمین جو روٹ نے کہا کہ 2010 میں کھیلے گئے ٹسٹ میچ کے حوالے سے ہمارے ذہنوں میں کوئی احساسات نہیں کیونکہ ہماری ٹیم میں بھی صرف چار کھلاڑی ایسے ہیں جو اس سیریز کا حصہ تھے جبکہ پاکستانی ٹیم میں بھی زیادہ تر نئے کھلاڑی ہیں ا س لئے ہم منفی سوچ نہیں رکھتے۔ عامر اپنی سزا مکمل کر چکے ہیں اسلئے سیریز کے دوران ان کے خلاف کھیلنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا مجھے نہیں لگتا کہ شائقین عامر کو اچھے طریقے سے خوش آمدید کہ سکیں گے تاہم یہ الگ مسئلہ ہے اس پر توجہ نہیں دینا چاہئے۔