محمد عامر کی ڈومیسٹک کرکٹ میں تباہ کن بولنگ

لاہور۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو پی سی بی گریڈ ٹو کے فائنل میں پہنچا دیا۔ ایل سی سی گراونڈ لاہور میں کھیلے گئے پی سی بی گریڈ ٹو کے پہلے سیمی فائنل میں عامر نے 14 اوورز میں 47 رنز دے کر چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بارش سے متاثرہ اس میچ کو ایک ایک اننگز تک محدود کر دیا گیا جس میں عامر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عامر نے کہا کہ میری تمام تر توجہ فٹنس اور کارکردگی پر مرکوز ہے اور میں اپنی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے علم میں نہیں کہ کون سے کھلاڑی میری پاکستانی ٹیم میں شمولیت کے مخالف ہیں اور میں اس تنازع میں پڑے بغیر سب کیلئے قابل قبول بننا چاہتا ہوں۔ عامر نے کہا کہ اب تک مجھے جتنے بھی مواقع ملے ہیں، میں نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور باقی کام سلیکشن کمیٹی کا ہے، میں اپنی کارکردگی اور اخلاق سے ٹیم میں جگہ بناؤں گا۔ عامر نے کہا کہ اب تک چار میچوں میں 22 وکٹیں حاصل کی ہیں اور یہی میرا ہدف ہے کہ جو بھی موقع ملے اس میں اپنی اہلیت ثابت کروں۔ محمد عامر کو سابق کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولر محمد آصف سمیت 2010 ء میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ تینوں کھلاڑیوں کو اس جرم میں جیل بھی کاٹنی پڑی تھی۔ عامر کی سزا کا خاتمہ ستمبر میں ہونا تھا لیکن آئی سی سی نے اینٹی کرپشن یونٹ کے تعاون اور ان کے مثبت رویے کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی تھی۔