کراچی ۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر محمد عامر کی والدہ شدید علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔ محمد عامر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا تھا کہ ان کی والدہ اس وقت شدید علیل ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے والدہ کی جلد صحت یابی کے حوالے سے دعا کرنے کی بھی درخواست کی تھی۔ علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ محمد عامر کی والدہ کو نجی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا۔ تاہم درمیانی شب محمد عامر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر یہ خبر دی گئی کہ ان کی والدہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں اور خالق حقیقی سے جاملیں۔ خیال رہے کہ محمد عامر اپنی والدہ کی علالت کے باعث اپنی ٹیم کراچی کنگز کی جانب سے پی ایس ایل کے اہم میچ میں شرکت بھی نہیں کر سکے تھے۔