ڈھاکہ۔23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے افتتاحی میچ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث سزایافتہ فاسٹ بولر محمد عامر نے چار وکٹیں حاصل کرکے کرکٹ میں شاندار واپسی کی تاہم ان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کرنے والے محمدحفیظ کے بیان کو چٹاگانگ ویکنگز نے مسترد کردیا ہے۔ محمد عامر نے گانگ ویکنگز کے لئے کھیلتے ہوئے بی پی ایل کے پہلے میچ میں چار وکٹیں حاصل کیں جس میں پاکستانی ٹسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی قیمتی وکٹ بھی شامل تھی۔ چٹاگانگ ویکنگز نے محمد عامرسمیت چار پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے تاہم محمد حفیظ کی جانب سے آنے والا بیان جس میں دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے چٹا گانگ ویکنگز کی پیش کش کو اس لئے مسترد کردیا تھا کیونکہ وہ اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ عامر کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہتے تھے۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق چٹاگانگ ویکنگز کی ٹیم نے محمد حفیظ کے بیان پر حیرت کا اظہارکیا ہے۔ چٹاگانگ ویکنگز کے مشیر اور بنگلہ دیش ٹیم کے سابق کپتان اکرم خان نے کہا ہے کہ ہم نے محمد حفیظ کو کوئی پیش کش نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو بیرونی کھلاڑیوں سمیت ٹیم کی مکمل فہرست جاری کردی گئی تھی، ہماری ٹیم مکمل ہے اورہمیں مزید کسی بیرونی کھلاڑی کی ضرورت نہیں ہے۔ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے اکرم خان کے بیان کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ میرے علم میں نہیں ہے کہ محمد حفیظ کو پیش کش کی گئی ہو۔ تمیم نے کہا کہ میں ٹیم کا کپتان ہوں اگر اس طرح کی کوئی پیش کش کی گئی ہوتی تو مجھے علم ہوتا۔ محمد حفیظ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے بنگلادیشی اخبار کے ایک قاری نے لکھا ہے کہ انگوراس وقت کھٹے ہوتے ہیں جب آپ انہیں نہیں کھاسکتے۔ چٹاگانگ ویکنگز کی ٹیم میں محمد عامر کے علاوہ سعید اجمل، عمر اکمل اور کامران اکمل بھی شامل ہیں جبکہ سری لنکا کے سابق کپتان تلکارتنے دلشان، جیون مینڈس اور چمارا کپوگیدرا، جنوبی افریقہ کے روبن پیٹرسن اور زمبابوے کے ایلٹن چیگمبرا بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ بی پی ایل کے نئے سیزن کا پہلا میچ چٹاگانگ ویکنگز اور رنگ پور رائیڈرز کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں مصبا ح الحق کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت رنگپور رائیڈرز نے کامیابی حاصل کی ۔ مصباح میچ میں مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے 61 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ دریں اثناء پاکستانی ٹسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو فاسٹ بولر محمد عامر نے اپنی صلاحیتوں سے متاثر کردیا ۔ مصباح نے کہا کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے افتتاحی میچ میں 23سالہ بولر نے بہترین یارکرز ڈالے اور ایک موقع پر گمان ہوا کہ محمد عامر کی ٹیم جیت جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامر نے نئی گیند کا اچھا استعمال کیا اور بہترین رفتار کے ساتھ معیاری بولنگ بھی کی۔ انہوں نے کہا 19ویں اوور میں میں اپنی ٹیم کو فتح دلا سکتا تھا لیکن محمد عامر نے جس طرح عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا وہ حیران کن تھا اور میں آئندہ بھی انہیں اسی طرح دیکھنا چاہوں گا۔چٹاگانگ وائی کنگز کے کپتان تمیم اقبال نے کہا میچ میں محمد عامر نے شاندار بولنگ کی ۔ توقع ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کی کارکردگی میں مزید نکھار آئے گا۔