محمد عامر کی آئندہ برس ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی متوقع

کراچی ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیر مین نجم سیٹھی نے کہا ہیکہ محمد عامر کی جلد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی ہوگی چونکہ آئندہ برس انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔ اکتوبر میں ان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کیلئے دوبارہ آئی سی سی کو درخواست دیں گے۔ پریس کانفرنس میں نجم سیٹھی نے کہا کہ عامر کا جرم اتنا بڑا نہیں تھا جتنی بڑی سزا دی گئی ہے۔ آئی سی سی نے اینٹی کرپشن کوڈ کی نظر ثانی کے لئے جائیلز کلارک کی صدارت میں ایک کمیٹی بنائی تھی۔ ہم نے آئی سی سی کے اجلاس میں محمد عامر کی حمایت کی ہے۔ ایک برطانوی وکیل کی خدمات حاصل کیں اس سے بھی قانونی نکتہ نظر سے تفصیلات حاصل کی ہیں۔ آئی سی سی اکتوبر میں نیا اینٹی کرپشن کوڈ متعارف کررہی ہے امید ہے کہ ہماری درخواست کے بعد محمد عامر ڈومیسٹک کرکٹ میں واپس آئیں گے تاکہ انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لئے تیار ہونے کا موقع مل سکے۔