محمد عامر ٹی 20 ٹیم سے بھی باہر

کراچی ۔19 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)محمد عامر کو ٹسٹ کے بعد اب ٹی 20 سے بھی باہر کردیا گیا ہے جبکہ آل رائونڈر عماد وسیم اور بابر اعظم پاکستان کی ٹی 20 ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیں30 سالہ فاسٹ بولر وقاص مقصود کو آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں پہلی مرتبہ پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ وقاص مقصود کی شمولیت ڈومیسٹک سیزن میں بہتر کارکردگی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ محمد عامر، حارث سہیل اور محمد نواز کو خارج کردیا گیا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 24 تا 28 اکتوبر تک ابوظہبی اور دبئی میں کھیلی جائے گی۔ ٹیم میں کپتان سرفراز، فخر زمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، عماد وسیم، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری، حسن علی، وقاص مقصود اور فہیم اشرف شامل ہیں۔