ہیملٹن ۔29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ناقص فیلڈنگ کو ٹیم کے لئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ان کی گیندوں پر زیادہ کیچ گرائے گئے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ میں شدید مشکلات کا سامنا رہا جہاں بیٹنگ مکمل طورپر ناکام ہوئی ہے جبکہ اسی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے بھی برقرار رکھا گیا ہے۔محمد عامر نے 2010 میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں پابندی کے بعد گزشتہ سال کرکٹ میں واپسی کی تھی لیکن تاحال ٹسٹ میچوں میں اپنی بہترین فارم ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔پاکستان ٹیم کی نیوزی لینڈ میں فیلڈنگ سمیت مجموعی کارکردگی ناقص رہی ہے جبکہ ہملٹن میں میں عامر کی گیندوں پرچار کیچ گرائے گئے ۔کرک انفو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں محمد عامر نے کہا کہ ہاں، اس سے بولر کو فرق پڑتا ہے کیونکہ جب آپ 22 قدم دور سے آکر گیند کرتے ہیں اور آپ کا کیچ گرادیا جائے تو آپ مایوس ہوجاتے ہیں۔اس کا حساب لگانا مشکل ہے لیکن میرے خیال میں ٹسٹ میں 12 یا 13 اور مختصر طرز کرکٹ میں 6 یا 7 کیچ گرے ہیں۔ہملٹن ٹسٹ میں عامر کی گیند پر دو کیچ سلپ اور ایک مڈوکٹ اور چوتھا ایک مشکل کیچ عامر نے خود گرا دیا تھا۔عامر نے کہا کہ ہمارے لئے درجہ بندی بہت اہم ہے اور ہم نے اس کو بڑی محنت کے بعد حاصل کیا ہے اور گزشتہ سات سیریز میں سے پانچ میں ہمیں کامیابی ملی ہے، ہم دنیا کی بہترین ٹیموں کی فہرست میں رہنا چاہتے ہیں اس لئے یہ ہمارے لئے بہت اہم ہے۔محمد عامر نے اب تک مجموعی طور پر 21 ٹسٹ میچوں میں 73 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ حالیہ سیریز میں پہلے میچ میں 4 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ ہملٹن ٹسٹ میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔
مودی کے فیصلے کو کپل دیو کی حمایت
لدھیانہ ۔29 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر کپل دیو نے وزیراعظم نریندر مودی کے کرنسی منسوخ کرنے کے فیصلے کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ ملک کے مفاد میں لیاجانے والا یہ ایک دلیرانہ فیصلہ ہے ۔ کپل دیو نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے ابتداء میں کچھ مشکلات آئیں ہیں لیکن اس کا مستقبل میں ثمر آور نتیجہ حاصل ہوگا ۔ 1983 ء میں ہندوستان کو عالمی چمپیئن بنانے والے کپتان کپل دیو ، جوکہ یہاں سینٹ پال میٹل اسکول کے سالانہ جلسہ میں شرکت کے لئے آئے تھے اس موقع پر انھوں نے کہا کہ وہ کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں بلکہ مودی کے فیصلے کی ملک کے مفاد کے تناظر میں حمایت کررہے ہیں ۔ کپل دیو نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران یہاں موجود طلبہ کے والدین سے کہا کہ وہ اس مشکل وقت کا سامنا کریں جس کا ان کے بچوں کو اچھا صلہ ملے گا ۔