لندن۔13جون(سیاست ڈاٹ کام) مصر کے اسٹار فٹبالر اور فارورڈ کھلاڑی محمد صلاح کی یوراگوئے کے خلاف فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے ابتدائی میچ میں شرکت غیر یقینی ہے۔مصری فٹبال اسوسی ایشن (ای ایف اے) نے کہا ہے کہ محمد صلاح نے ورلڈ کپ کے میچز سے قبل پریکٹس سیشنز میں شرکت کی ہے۔ای ایف اے کے مینیجنگ ڈائریکٹر احاب لیہیتا نے کہا کہ ابھی یہ بات کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ محمد صلاح جنوبی امریکی ٹیم کے خلاف میچ میں شرکت کریں گے یا نہیں کریں گے۔ مصری فارورڈ آہستہ آہستہ صحتیاب ہورہے ہیں، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی جاسکتی کہ وہ اگلا میچ کھیلیں گے۔مصری فٹبال ٹیم کے مینیجر میڈو نے کہا ہے کہ میں اتنا کہہ سکتا ہوں کہ ہم سب پْر امید ہیں کہ محمد صلاح میچ میں شرکت کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ محمد صلاح بہتر ہورہے ہیں، تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ وہ میچ کے پہلے ہاف میں میدان میں آئیں گے یا پھر دوسرے ہاف میں ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ بہرحال ہمارے پاس ایک بہترین ٹیم ہے، جو بہت منظم ہے اور اسی سے ہمیں امید ہے کہ یہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے اور ٹیم کو جتائیں گے۔مصری ٹیم کے مینیجر نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں محمد صلاح ٹیم کا حصہ بنیں کیونکہ انہوں نے اپنی ٹیم کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسے ورلڈ کپ تک پہنچانے میں بہت محنت کی ہے۔خیال رہے کہ محمد صلاح، لیور پول اور ریئل میڈریڈ کے درمیان چیمپیئز لیگ کے فائنل میں کندھے کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے۔ مصر گروپ اے میں میزبان روس، سعودی عرب اور یوراگوئے کے ساتھ شامل ہے۔