محمد سمیع کامیابی دلوانے والا بولر : ظہیرخان

آکلینڈ۔8فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر اور تجربہ کار فاسٹ بولر ظہیر خان نے آج اپنے جونیئر ساتھی محمد سمیع کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ محمد سمیع ٹیم کو کامیابی دلوانے والا بولر ہیں ۔ جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف آج یہاں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔سمیع نے اپنی شاندار سوئنگ اور سیم بولنگ کے ذریعہ نہ صرف 37رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی بلکہ میزبان ٹیم کو دوسری اننگز میں 105رنز پر ڈھیر کرنے میں کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ دن کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ظہیر خان نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم نے آج بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے اور محمد سمیع کے متعلق میرے ذہن میں کوئی شبہ نہیں کہ وہ ٹیم کو کامیابی دلوانے والے بولر ہیں ۔ جس طرح انہوں نے آج شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے چونکہ ایک معیاری بولر بہ آسانی وکٹیں حاصل کرسکتا ہے ۔ محمدسمیع نے آج اپنے بولنگ مظاہرہ میں دکھایا ہے کہ اُن میں گذرتے وقت کے ساتھ تجربہ کی بنیاد پر مزید نکھار آئے گا ۔ ظہیر خان نے مزید کہا کہ آج تمام بولروں نے بہترین مظاہرہ کیا جس کی بدولت بولنگ شعبہ ایک اکائی کے طور پر بہتر مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہی ہے ۔ ظہیر خان کے بموجب آج کے مظاہرہ کی ایک اہم خوبی یہ بھی رہی کہ سلپ میں کھڑے کھلاڑیوں نے چند بہترین کیچس پکڑے ہیں جس کی بدولت مقابلہ میں واپسی کا موقع ملا ہے ۔ دوسری اننگز میں ہندوستانی بولروں کی شاندار کارکردگی کے باوجود ہندوستان کو کامیابی کیلئے 407رنز کا نشانہ ملا ہے اور اس نے دوسری اننگز کے آغاز پر 25اوورس میں ایک وکٹ کے نقصان پر 87رنز اسکور کرلئے ہیں جب کہ آؤٹ ہونے والے بیٹسمین مرلی وجئے نے دو چوکوں کی مدد سے 13رنز اسکور کئے ۔