حیدرآباد ، 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حیدرآباد کے فاسٹ بولر محمد سراج جو آئی پی ایل کی دریافت ہیں، وہ دوبارہ رائل چیلنجرز بنگلور کی طرف سے 2019ء میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ آئی پی ایل 2019ء کیلئے اس ہفتے کھلاڑیوں کی نیلامی ہوچکی اور وہی کھلاڑی شامل ہوئے جو پہلے سے آئی پی ایل کا حصہ نہیں یا پھر جنھیں آئی پی ایل فرنچائز نے ریلیز کردیا اور وہ پھر سے کسی بھی ٹیم کی نمائندگی کیلئے دستیاب ہوگئے۔ سراج نے آئی پی ایل میں سن رائزرس حیدرآباد سے شروعات کی تھی جس کے بعد انھیں انڈین کیپٹن اور آر سی بی کے کپتان ویراٹ کوہلی زیرقیادت آر سی بی نے حاصل کرلیا۔ گزشتہ سال سراج کو ویراٹ نے معقول موقع دیا اور اس مرتبہ اُن کے مظاہرے میں بہتری کی توقع ہے۔ سراج انڈیا A ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کا دورہ کرچکے ہیں اور دیگر بیرونی ٹور بھی کئے جس سے یقینا انھیں اچھا تجربہ حاصل ہوا ہوگا۔ بلاشبہ بیرونی وکٹوں اور آئی پی ایل کی انڈین پچس میں نمایاں فرق رہتا ہے لیکن بین الاقوامی سطح پر کھیلنے سے کھلاڑی کا حوصلہ ضرور بلند ہوتا ہے جس کا اثر آئی پی ایل میں نظر آسکتا ہے۔