ممبئی ۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہیندر سنگھ دھونی اور ان کے پسندیدہ کھلاڑی سریش رائنا کے ہمراہ رویندر جڈیجہ کی چینائی سوپر کنگس میں واپسی ہوئی ہے جبکہ رائل چیلنجر بنگلور نے کپتان ویراٹ کوہلی اور اے بی ڈی ولیرس کے ہمراہ سرفراز خان کو ٹیم میں برقرار رکھا ہے جبکہ کریس گیل کو آئی پی ایل 2018ء میں نیلامی کیلئے چھوڑ دیا ہے۔ سن رائزس حیدرآباد نے اپنے کپتان ڈیویڈ وارنر اور بھونیشور کمار کو ٹیم میں برقرار رکھا اور تمام کھلاڑیوں کو نیلامی کیلئے آزاد کردیا ہے جس میں حیدرآباد کے محمد سراج بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں کنگس الیون پنجاب نے حیران کن طور پر صرف اکشر پٹیل کو ٹیم میں برقرار رکھا ہے اسی طرح راجستھان رائلس نے کپتان اسٹیو اسمتھ کو برقرار رکھا ہے۔ ممبئی انڈین اپنے کامیاب کپتان روہت شرما، جسپریت بمرا اور ہاردک پانڈیا کے ذریعہ برقرار رکھنے کے تینوں مقامات پر کر لئے ہیں۔ شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے اپنے کامیاب ترین کپتان گوتم گمبھیر کو آزاد کردیا ہے اب وہ آئندہ سیزن کیلئے کسی بھی ٹیم کو دستیاب رہیں گے۔ دہلی ڈیرڈیلوس نے اپنے نوجوان بیٹسمینوں کی جوڑی رشپ پنت اور سریاش ایر کے ہمراہ جنوبی افریقی آل راونڈر کریس موریس کو برقرار رکھا ہے۔ واضح رہے آئی پی ایل 2018ء کے ایڈیشن کیلئے یہ شرط رکھی گئی تھی کہ ہر ٹیم زیادہ سے زیادہ اپنے تین کھلاڑیوں کو باقی رکھ سکتی ہے جس کے بعد ٹیموں سے بڑی تعداد میں کئی اہم کھلاڑی آزاد ہوچکے ہیں۔