لاہور۔11 جون (سیاست ڈاٹ کام ) انکم ٹیکس حکام نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انتظامیہ سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملاقات کرتے ہوئے اوپنر محمد حفیظ پر واجب الادا انکم ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔باخبر ذرائع کے بموجب انکم ٹیکس انتظامیہ نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو مطلع کیاکہ محمد حفیظ کو لگ بھگ 40 لاکھ روپے محکمہ ٹیکس کو ادا کرنا ہیں کیونکہ معروف آل راؤنڈر اپنا انکم ٹیکس باقاعدگی سے ادا نہیں کرتے۔کرکٹ بورڈ نے ٹیکس حکام کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ وہ اس پر غور کرے گا کہ اس معاملے کو حل کرنے کے لئے محمد حفیظ کو مستقبل میں ادا کی جانے والی رقوم میں سے کٹوتی کرکے محکمہ انکم ٹیکس کے واجبات کو ادا کردیا جائے۔دوسری جانب محمد حفیظ محکمہ ٹیکس کی جانب سے نوٹس وصول کرچکے ہیں تاہم وہ اس بات کی تردید کرتے ہیں کہ وہ ڈیفالٹر ہیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ نے حفیظ کے مکمل ٹیکس ریکارڈس بورڈ کو دکھایا ہیں جس کے مطابق وہ لاکھوں روپے کے ٹیکس واجب الادا ہیں۔