محمد حفیظ کابولنگ ایکشن غیر قانونی،بولنگ پر پابندی

دبئی 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ ٹیم کو آج ایک زبردست دھکا پہنچا کیونکہ آل راونڈر محمد حفیظ کی آئی سی سی نے معطل کردیا ہے ۔ بائیو میٹرک ٹسٹ میں ان کا بولنگ ایکشن غیر قانونی پایا گیا۔ آئی سی سی نے آج ایک بیان میں کہا کہ آزادانہ تجزیہ میں پاکستان کے محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن غیر قانونی پایا گیا چنانچہ آف اسپینر کو انٹر نیشنل کرکٹ میں بولنگ سے فوری اثر کے ساتھ معطل کیا جاتا ہے۔ 34 سالہ محمد حفیظ کا گذشتہ ماہ لاف براف ٹسٹنگ سنٹر پر معائنہ کیا گیا تھا۔ یہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی توثیق شدہ عصری لیباٹریز میں ایک ہے ۔ ابوظہبی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلے ٹسٹ میں ان کے غیر قانونی بولنگ ایکشن کی شکایت کی گئی تھی۔ تجزیہ میں پتہ چلا کہ ان کی بولنگ مقررہ قواقعد کے تحت 15 ڈگری تک کی اجازت سے کہیں زیادہ ہے۔ مقررہ قاعدہ کے تحت محمد حفیظ بولنگ ایکشن میں تبدیل لاتے ہوئے دوبارہ تجزیہ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ ان کے بولنگ ایکشن کا تجزیہ 24 نومبر کو کیاگیا تھا۔ان کے بارے میں شبہات کے باوجود کل پاکستان کے 30 رکنی اسکواڈ میں ان کا نام شامل کیا گیا ہے ۔ آئندہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہورہے ورلڈ کپ کے سلسلہ میں پاکستانی ٹیم نے کل 30 رکنی ابتدائی اسکواڈ کو قطعیت دی ہے ۔ پاکستان کرکٹ کے لئے افسوسناک پہلو یہ رہا کہ ٹیم کے ایک اور اسپنر سعید اجمل کو بھی اسی وجہ سے معطل کیا گیا ہے اور وہ اب اپنا بولنگ ایکشن تبدیل کرنے میں مصروف ہیں۔ محمد حفیظ پابندی کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ونڈے میچس کی سیریز نہیں کھیل پائیں گے جو پیر سے شروع ہورہی ہے ۔ محمد حفیظ نے 149 ونڈے میچس میں 122 وکٹس حاصل کئے ہیں اور وہ مشتبہ بولنگ ایکشن کی وجہ سے آئی سی سی کی جانب سے معطل ہونے والے چھٹے بولر ہیں۔