دبئی۔28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایشیا کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ناقص اور مایوس کن کارکردگی کے باوجود سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ نے کپتان سرفراز احمد کو ایک اور موقع دیا ہے تاہم آسٹریلیا کے خلاف دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں کارکردگی ان کی کپتانی کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔ کپتان برقرار رکھ کر پی سی بی نے ان کے خلاف چلنے والی مہم اور قیاس آرائیوں کا کاتمہ کردیا ہے۔ محمد عامر کو ٹیم سے خارج کرکے وہاب ریاض کو منتخب کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں چار وکٹیں لینے والے جنید خان بھی ٹسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ بدترین کارکردگی کے باوجود حیران کن طور پر ونڈے ماہر فخر زمان ٹسٹ ٹیم کا حصہ ہیں۔ توقعات کے برخلاف کپتان سرفراز احمد کو سیریز کے لئے آرام نہیں دیا گیا لیکن ان کی معاونت اور کسی بھی زخم کی صورت میں محمد رضوان کی متبادل وکٹ کیپر شامل کیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں 3 اسپنرز شاداب خان، یاسر شاہ اور بلال آصف شامل ہیں۔ وہاب ریاض دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے تھے۔ گذشتہ ڈومیسٹک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بناکر دورہ انگلینڈ میں جگہ بنانے والے سعد علی کو بغیر کوئی میچ کھلائے باہرکردیا گیا۔ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سیریز 7 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی۔ فخر زمان اور امام الحق بھی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہیں۔ اظہر علی تیسرے اوپنر ہوں گے۔ پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سرفراز احمد (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، اظہر علی، عثمان صلاح الدین، اسد شفیق، بابر اعظم ، حارث سہیل، یاسر شاہ، بلال آصف، شاداب خان، محمد عباس، حسن علی، محمد رضوان وہاب ریاض، فہیم اشرف اور میر حمزہ۔