محمدعامرکو آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی کلین چٹ

کراچی۔26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پی سی بی کے چیئر مین شہریار خان آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے لئے لاہور سے دبئی روانہ ہوئیتاہم روانگی سے قبل انٹر ویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹسٹ فاسٹ بولر محمد عامر کو آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے کلین چٹ دے دی ہے اب آئی سی سی کی رسمی کارروائی کے بعد عامر ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔ دریں اثناء بنگلہ دیش کرکٹ بورڈنے اپریل میں ہونے والی سیریز کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطالبات کو مسترد کردیا ہے اور نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔ اس ضمن میں شہریار خان کے کہا مجھے بنگلہ دیش بورڈ کے حکام کا فون موصول ہوا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ممکن نہیں ہے کہ سیریز کا پچاس فیصد حصہ پاکستان کو دیں۔ پھر اس بات کی کیا یقین دہانی ہے کہ پاکستانی ٹیم دورہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں دبئی میں بنگلہ دیشی حکام سے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے ساتھ ملاقات کروں گا۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطالبے کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیا ہے۔ اور امید ظاہر کی ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد اپریل میں دونوں ملکوں کے درمیان سیریز پروگرام کے مطابق ہوگی۔ آئی سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ بگ تھری بننے کے بعد اب دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ معاملات طے پاتے ہیں۔ آئی سی سی کا دو طرفہ روابط سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو رواں برس 10 اپریل تا 7 مئی تک بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے اور اس دوران وہ دو ٹسٹ، تین ونڈے اور ایک ٹوئنٹی20 میچ کھیلے گی۔ شہریار خان نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عامر کی واپسی کے لئے اب صرف رسمی کارروائی کا انتظار ہے۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ سے اجارت ملنے کے بعد آئی سی سی کی جانب سے رسمی اجازت درکار ہوگی۔