محبوب نگر کو تمام شعبوں میں ترقی دینے منصوبہ بندی

محبوب نگر ۔ یکم مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مقامی رکن اسمبلی و پارلیمنٹری سکریٹری سرینواس گوڑ نے آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز محبوب نگر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 100 کروڑ کی لاگت سے شہر محبوب نگر کو تمام شعبوں میں ترقی دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ آر اینڈ بی، میونسپل، پنچایت اور دیہی روڈس کے ساتھ ساتھ شہر کی سڑکوں کی تعمیر، پینے کے پانی کے مسئلہ کا مستقل حل بھی نکالا جائے گا۔ منی ٹینکس کی تعمیر اور تالابوں کی مرمت کی جائے گی۔ محبوب نگر تا بھوت پور چار رخی راستہ کی تعمیر کا کام اندرون 15 یوم مکمل کرلیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ شہر محبوب نگر کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے جو تیقنات دیئے تھے ان تمام کی تکمیل کرلی جائے گی۔ قبرستانوں کی اراضیات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ جملہ 54 ایکر اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں ہندو قبرستانوں کے لئے 40 ایکر اور مسلم قبرستانوں کے لئے 10 ایکر اراضی شامل ہے۔ مسلم قبرستان کے لئے 4 ایکر اراضی، ایکالویا پلی کے پاس اور ویرنا پیٹھ میں 4 ایکر اور 2 ایکر مولا علی گٹہ (عقب جے جے آر گارڈن) نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کرسچن قبرستان کیلئے 4 ایکر کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ رعیتو بازار کے پاس، ایک ایکر مٹو گوڑہ اور34 گنٹے مشرقی کمان کے پاس ہے۔ اس کے علاوہ کچرا جمع کرنے کے لئے مزید 10 ایکر اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سلاٹر ہاؤز کے لئے بھی 2 ایکر اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بڑے تالاب کو تفریحی مقام بنانے کے لئے تاحال ایک کروڑ روپئے صرف کئے گئے ہیں۔ پریس کانفرنس میں آر ڈی او ہنمنت ریڈی، تحصیلدار امریندر کے علاوہ امتیاز اسحق و دیگر موجود تھے۔