محبوب نگر میں ٹی آر ایس امیدوار کے پرچہ نامزدگی کا ادخال

ایم سرینواس ریڈی کے ہمراہ ریاستی وزیر سرینواس گوڑ بھی موجود تھے

محبوب نگر /22 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ پارلیمانی محبوب نگر سے ٹی آر ایس امیدوار ایم سرینواس ریڈی نے آج دوپہر اپنا پرچہ نامزدگی رٹرننگ آفیسر و ضلع کلکٹر رونالڈروز کے حوالے کیا ۔ ان کے ہمراہ ریاستی وزیر آبکاری سرینواس گوڑ رکن اسمبلی جڑچرلہ ڈاکٹر لکشما ریڈی کے علاوہ دیورکدرہ ، نارائن پیٹ ، مکتھل اور شادنگر کے ایم ایل ایز اے وینکٹشور ریڈی ، راجندر ریڈی ، رام موہن ریڈی اور انجیا یادو تھے ۔ نامزدگی پرچہ داخل کرنے سے قبل پارٹی آفس میں پرہجوم پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے سرنواس گوڑ نے کہا کہ اب تک پارلیمانی حلقہ سے غیر مقامی امیدوار ہی منتخب ہوتے رہے ۔ پہلی مرتبہ کے سی آر نے مقامی امیدوار سرینواس ریڈی کو ٹکٹ دیا ہے ۔ امیدوار کا تعارف کرواتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موصوف ایم ایس این لیباریٹریز کے ایم ڈی ہیں ۔ یہ لیباریٹری عالمی سطح پر مشہور ہے ۔ وہ غریب کسان خاندان سے تعلق رکھتے ہیں لیکن محنت کرکے مقام حاصل کیا اور اب عوامی خدمت کے جذبہ سے انتخاب لڑ رہے ہیں دیگر جماعتوں کے امیدوار غیر مقامی ہیں ۔ ایک کا تعلق کلواکرتی اور دوسرے کا گدوال سے ہے ان دونوں کا پارلیمانی حلقہ سے تعلق نہیں ہے ۔ گذشتہ 70 برس میں کانگریس بی جے پی حکومتوں نے کوئی فلاحی کام نہیں کیا جبکہ محبوب نگر سے کامیاب ہونے والے کو شہری ترقیاتی کا قلمدان بھی دیا گیا ۔ لیکن افسوس کہ پینے کے پانی کا مسئلہ تک حل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ ہونا ہوتو تلنگانہ کی تمام 16 نشستوں پر ٹی آر ایس کو کامیاب بننا ہوگا ۔ پیش قیاسی کی کہ مرکز میں کے سی آر کی زیر قیادت فیڈرل فرنٹ حکومت قائم ہوگی ۔ پالمور پراجکٹ کیلئے انہوں نے 18 ہزار کروڑ منظور کئے ہیں ۔ تلنگانہ کی ویلفیر اسکیمات کی ملک بھر میں ستائش جاری ہے ۔ مرکز بھی اس کو اپنا رہا ہے ۔ ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ سرینواس ریڈی میرے حلقہ کے گورو گنٹہ ( نواب پیٹ منڈل ) کے متوطن ہیں جو میرے لئے باعث فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی آئندہ حکومت میں علاقائی پارٹیوں کا اہم رول ہوگا ۔ بی جے پی کانگریس ووٹ بنک کی سیاست چلا رہے ہیں۔ اندرون 3 سال پالمور رنگاریڈی پراجکٹ مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے سرینواس ریڈی کو کم از کم 3 لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ امیدوار سرینواس ریڈی نے اعتماد کرکے ٹکٹ دینے پر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ نہ صرف حلقہ کی بلکہ ریاست کی ترقی کیلئے ہمیشہ مستعد رہوں گا ۔ اس موقع پر صدر ضلع ٹی آر ایس شیوا کمار ، لائبریری چیرمین راجیشور گوڑ و دیگر موجود تھے ۔