محبوب نگر میں قماربازی کے خلاف کارروائی

جنگلاتی علاقہ میں پولیس کا دھاوا، 14 افراد گرفتار
محبوب نگر ۔ 4 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جوا کھیلنے والے کئی افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ڈی ایس پی آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ڈی ایس پی سائی منوہر نے بتایا کہ ہنواڑہ منڈل کے کوتہ چیرو تانڈہ میں جنگلاتی علاقہ میں جوا کھیلے جانے کی اطلاع پولیس کو ملی۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے مقام پر دھاوا کیا اور 14 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ان کے قبضہ سے 121,495 روپئے ضبط کرلئے۔ اس کے علاوہ 10 موٹر سائیکلس، 16 موبائیل فونس بھی ضبط کرلئے۔ ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ بال راج نامی شخص اصل سرغنہ ہے جو لوگوں کو جوے کی ترغیب دیتے ہوئے جنگلاتی علاقوں میں جوا کھیلنے کا انتظام کرتا آیا ہے اور عادی جواری ہے جبکہ شیوا نامی شخص اس کا معاون ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جوا کھیلنے والوں میں رورل پولیس محبوب نگر کا ایک کانسٹیبل جاوید بھی شامل تھا جو دھاوے کے دوران فرار ہوگیا۔ تاہم اس کی موٹر سیکل ضبط کرلی گئی ہے اور وہ ڈیوٹی پر رجوع نہیں ہوا۔ ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پریس کانفرنس میں رورل سی آئی کشن، ہنواڑہ ایس آئی رام بابو و دیگر موجود تھے۔