محبوب نگر میں راشن ڈیلرس کا زبردست احتجاج

محبوب نگر۔/25فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی حکومت کی نقد بدلی اسکیم کی نئی پالیسی سے راشن شاپ ڈیلرس کے بے روزگار ہوجانے کے خطرات لاحق ہیں۔ ضلع پریشد گراؤنڈ میں منعقدہ ڈیلرس کے مہا دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے ڈیلرس اسوسی ایشن کے ضلع صدر انور پاشاہ نے ان خدشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی پر عمل سے ضلع کے 3ہزار سے زائد ڈیلرس اپنے روزگار سے محروم ہوجائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ منی ٹرانسفر اسکیم، شانتا کمار کمیشن رپورٹ کو مسترد کیا جائے۔ انہوں نے راشن ڈیلرس کو بھی سرکاری ملازمین کے مماثل متصور کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر شیام سندریادو، مظہر علی اور مناف نے کہا کہ مرکزی حکومت کی پالیسی کے خلاف پرامن احتجاج کرتے ہوئے 2مارچ کو اندرا پارک حیدرآباد میں دھرنا منظم کیا جائے گا۔17مارچ کو رام لیلا میدان دہلی میں ڈیلرس کا اجلاس منعقد ہوگا۔ بعد ازاں جنتر منتر پر دھرنا دیا جائے گا۔ اس دھرنا میں اچانک فوت ہونے والے ڈیلرس کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ بعد ازاں ڈیلرس کے قائدین نے اے او کلکٹریٹ پر گوتم کو یادداشت پیش کی اور مطالبہ کیا کہ ایل پی جی 5کلو سلینڈر ڈیلرس کے ذریعہ سربراہ کئے جائیں۔ ڈیلرس کے ارکان خاندان کو انشورنس فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر صدیق پاشاہ، ناگراج، نارائنا، شیام سندر ریڈی اور دیگر موجود تھے۔