ڈاکٹر ناصر علی بامسدوس کے مستحسن اقدام کی ستائش
محبوب نگر۔/27جون، ( ذریعہ ای میل ) دارالمطالعہ مسدوسی متصل مسجد آمنہ محمدی میں بامسدوس اسٹڈی سرکل انتظامی کمیٹی کا ایک تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی سرپرستی بانی دارالمطالعہ مسدوسی و متولی مسجد آمینہ محمدی ڈاکٹر ناصر علی بامسدوس نے کی۔ جبکہ اجلاس میں انتظامی کمیٹی کے عہدیداروں سالم نواب صدر، ڈاکٹر عبدالرب صدیقی، عبدالرزاق این آر آئی نائب صدر، داؤد احمد ایڈوکیٹ معتمد، عبدالوہاب ، محمد ظہور الدین شریک معتمدین، محمد امجد علی خازن اور اراکین خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ ، عبدالرحمن، محمد خلیل وغیرہ کے علاوہ معززین شہر رفیق احمد قادری، محمد ذکی نائب صدر عیدگاہ کمیٹی، عبدالقدیر، ایم ایم ایف، محمد تقی حسینی تقی سلم حقوق پوراٹا سمیتی، سید جمیل، عبدالرحمن مسلم سنگھم کے علاوہ معززین شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں ڈاکٹر ناصر علی مسدوسی کی ملی خدمات کی زبردست ستائش کی۔ڈاکٹر بامسدوس نے کہا کہ مسلم طلباء کی ہمت افزآئی کیلئے وہ ہمیشہ پیش پیش رہیں گے اور دارالمطالعہ مسدوسی کی تین منزلہ وسیع و عریض عمارت کو بامسدوس اسٹڈی سرکل کے لئے مختص کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ انتظامی کمیٹی پر وہ پرامید ہیں کہ انتظامی کمیٹی سچی لگن اور محنت کے ذریعہ اس اسٹڈی سرکل میں مسلم طلباء کو مسابقتی امتحانات کے لئے تیار کیا جائے گا۔ آخر میں رکن انتظامی کمیٹی خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ نے ڈاکٹر بامسدوس اور حاضرین اجلاس کو یہ یقین دلایا کہ پوری دیانتداری کے ساتھ قوم کے ہونہاروں کو تیار کیا جائے گا۔ اعلیٰ تعلیم کے لئے ہو یا سرکاری ملازمتوں کیلئے منعقد ہونے والے مسابقتی امتحانات کیلئے دیگر اقوام کے طلباء کے مماثل تیار کرتے ہوئے مقررہ نشانہ کے کامیاب حصول میں مدد کی جائے گی۔ اجلاس میں دیگر معززین شہر پروفیسر محمد غوث، محمد خلیل احمد، ایوب پاشاہ تاجر، پروفیسر مقبول حسین، محمد اسحق سیٹھ، محمد عبید اللہ، عبدالجبار، محمد سمیع الدین نمائندہ کونسلر بلدی وارڈ نمبر 18 وغیرہ موجود تھے۔