سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کی جیت پر خوشی
کراچی ۔ 4 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وکٹ کیپر سرفراز احمد نے سری لنکا میں حالیہ اختتام پذیر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قطعی 11 کھلاڑیوں میں اپنی عدم شمولیت سے متعلق تنازعہ کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کی ۔ انھوں نے اپنی آمد پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کہاکہ میں بس اس بات پر خوش ہوں کہ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی اور اس کی بین الاقوامی درجہ بندی میں بہتری آئی ۔ انھوں نے کہا کہ مجھے اس میں کوئی مسئلہ نہیں۔ اگر مجھے ٹیم کی ضروریات کی وجہ سے آرام دیا جائے ۔ میں ٹور سلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں ہوں ۔ میرا کام جب کبھی کھیلنے کا موقع ملے میرا بہترین پرفارمنس پیش کرنا ہے اور میں ہمیشہ یہی کوشش کرتا ہوں ۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وکٹ کیپر سرفراز کی عدم شمولیت کے سبب پاکستان کرکٹ کے حلقوں میں کافی تنقیدیں ہوئیں جس پر چیرمین کرکٹ بورڈ اور چیف سلیکٹر کو یہ بیان دینے پر مجبور ہونا پڑا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کیپٹن شاہد آفریدی اور ہیڈ کوچ وقار یونس سے بات کرتے ہوئے ان وجوہات کا پتہ چلائیں گے جس کی وجہ سے سرفراز کو حالیہ اختتام پذیر سیریز میں نہیں کھلایا گیا ۔ حتیٰ کہ بورڈ کے سابق چیرمین اور پی سی بی کی عاملہ کمیٹی کے موجودہ بااثر سربراہ نجم سیٹھی نے بھی اپنے ٹیلی ویژن شو پر کہا کہ عوام نے یہ مسئلہ اُٹھایا ہے کہ سرفراز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز سے کیوں ڈراپ کیا گیا ۔ تاہم سرفراز کا یہی اصرار ہے کہ انھیں سری لنکا میں ٹسٹ اور ونڈے سیریز میں کھیلنے اور اپنا اچھا مظاہرہ پیش کرنے پر خوشی ہوئی ہے ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی پریما داسا اسٹیڈیم میں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ڈرامائی جیت بہت ہی دل خوش کن رہی اور اس سے پاکستانی ٹیم کے کبھی حوصلہ نہ چھوڑنے والے جذبہ کا اظہار ہوا۔