کریم نگر۔/10ڈسمبر، ( ذریعہ فیاکس ) مجلس بلدیہ کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ کیلئے خصوصی لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔کریم نگر کارپوریشن کے میئر سردار رویندر سنگھ نے ایک جائزہ اجلاس میں اس بات پر زور دیا۔ میئر سردار رویندر سنگھ نے دفتر مجلس بلدیہ میں کمشنر سری کشن لٹکر کے ساتھ مجلس بلدیہ کے تمام شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر بلدیہ سردار رویندر سنگھ ٹاؤن پلاننگ میں ہورڈنگ کے ذریعہ آمدنی پر استفسار کیا۔ انہوں نے نل کے بلوں کے بقایا جات کی جلد وصولی پر زور دیا اور کہا کہ صفائی کے کاموں میں بہتری پیدا کرتے ہوئے عوام کو شکایات کا موقع نہ دیا جائے جبکہ اپنی ڈیوٹی بہتر طریقہ سے انجام نہ دینے والے ملازمین، مزدوروں کے ساتھ سختی سے پیش آنے کی عہدیداروں کو انہوں نے ہدایت دی۔ آڈٹ عہدیداروں کے طرز عمل پر انہوں نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ اس جائزہ اجلاس میں ڈپٹی میئر رمیش، ای ای کلکشمیا، موہن کمار، اے سی بی اوما دیوی، وینکٹ راو، مقصود مرزا، صفائی کے کاموں کے نگرانکار ہنمنت ریڈی، راج منوہر اور دیگر نے شرکت کی۔