مجلس بلدیہ نلگنڈہ کے اجلاس کا انعقاد

نلگنڈہ /4 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجلس بلدیہ نلگنڈہ میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے 14 ویں فینانس کمیشن کی جانب سے 11.66 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ۔ کل صدرنشین بلدیہ شریمتی بی لکشمی کی زیر صدارت بلدیہ کا خصوصی اجلاس کونسل ہال میں منعقد ہوا ۔ جس میں تمام بلدی ارکان سے اپنے اپنے حلقوں میں سڑکوں ، ڈرین و دیگر کاموں کو ترجیح دینے کی خواہش کی ۔ جس پر متفقہ طور پر بلدی حلقہ کو 15 لاکھ روپئے فی حلقہ منظور کئے گئے ۔ مریال گوڑہ روڈ پر واقع مسلم قبرستان کی حصاربندی کیلئے بلدیہ کی جانب سے 20 لاکھ روپئے ڈمپنگ یارڈ کیلئے 15 لاکھ کے علاوہ دفتر ضلع کلکٹریٹ سے رام نگر تک رام گری تا سوارکر نگر چوراستہ اور حیدرآباد روڈ پر واقع مری توڑتا بائی پاس تک سنٹرل لائنگ کی تنصیب عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ صدرنشین بلدیہ نے بتایا کہ ارکان بلدیہ کے مطالببہ پر 80 لاکھ روپئے اسٹریٹ لائیٹنگ کیلئے بھی مختص کئے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ 14 ویں فینانس کمیشن کی جانب سے منطورہ فنڈس کو اندرون چھ ماہ محتلف ترقیاتی کاموں پر خرچ کرنے پر کمیشن کی جانب سے جملہ رقم کا 40 فیصد زائد رقم بھی منظوری عمل میں لائی جائے گی ۔ 14 فینانس کمیشن کے تحت ہر سال ترقیاتی فنڈ مختص کیا جائے گا جو بتایا جاتا ہے کہ 5 سال تک یہ سلسلہ رہے گا ۔ اس اجلاس میں نائب صدرنشین بلدیہ بی سرینواس ریڈی ، انچارج کمشنر وینکٹیشورلو ارکان بلدیہ احمد کلیم ، قیوم بیگ ، محمد معین ، محمد سلیم و دیگر موجود تھے ۔