مجلس بلدیہ میدک پر ٹی آر ایس امیدوار کامیاب

اے ملکارجن گوڑ صدر اور آر اشوک نائب صدر منتخب
میدک ۔ 4 ۔ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجلس بلدیہ میدک پر تلنگانہ راشٹریہ سمیتی نے قبضہ جمالیا ۔ ٹی آر ایس سے منتخب وارڈ نمبر 20 کے کونسلر سابق وائس چیرمین مسٹر اے ملکارجن گوڑ بحیثیت صدرنشین منتخب ہوئے ۔ اس طرح نائب صدرنشین عہدہ پر بھی وارڈ نمبر 2 سے منتخب کونسلر مسٹر آر اشوک منتخب ہوگئے ۔ صدرنشین کے عہدے کیلئے 27 رکنی بلدی کونسل میں صرف 5 تلگودیشم کے منتخب کونسلر کے علاوہ باقی ٹی آر ایس کے 11، کانگریس کے 6 ، آزاد دو ، بھاجپا کے دو اور ایم آئی ایم کے واحد کونسلر خواجہ سہیل محی الدین بشمول رکن اسمبلی محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی 23 ووٹ ملکارجن گوڑ کو حاصل ہوے اور منتخب قرار دیئے گئے ۔ تلگودیشم امیدوار مسٹر بٹی جگپتی کو صرف 5 ووٹ حاصل ہوئے ۔ وائس چیرمن کیلئے راگی اشوک کو ٹی آر ایس کا امیدوار بنایا گیا دیگر کوئی امیدوار میدان میں نہ ہونے سے اشوک کو منتخب ہونے کا اعلان کردیا گیا ۔ آر ڈی او میدک و اسپیشل آفیسر ونجادیوی نے سبھی کونسلرس کو حلف دلایا ۔ بعدازیں چیرمین اور وائس چیرمن کو بھی حلف دلایا گیا ۔ ایم آئی ایم کے سہیل ، ٹی آر کے آمنہ بیگم ، ایم اے سلام نے اردو میں حلف لیا ۔ کمشنر بلدیہ نے اس تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کئے ۔ نو منتخب صدرنشین و نائب صدرنشین نے اپنے انتخاب پر اپنے پارٹی کے ساتھی کونسلرس کے علاوہ دیگر ہم منصب کانگریس ، بھاجپا ، آزاد اور ایم آئی ایم کے کونسلروں سے اظہار تشکر کیا ۔ ونیز خصوصی طو رپر ضلع انچارج وزیر ٹی ہریش راو ، ڈپٹی اسپیکر پدمادیویندر ریڈی سے بھی شکریہ ادا کیا ۔ بعدازاں کھلی جیپ میں ریالی نکالی گئی ۔ آتشبازی کی گئی ، جئے تلنگانہ کے نعرے لگائے گئے ۔ اس موقع پر انجینئر بلدیہ چرنجیوی ، ٹیکس انسپکٹر معزالدین بھی موجود تھے ۔