مجرمین کیلئے سخت سزاؤں کی وکالت: کمشنر پولیس

حیدرآباد 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) سنگین اور سخت گیر سزا کے بغیر جرائم کا انسداد مشکل ہے۔ اس خیال کا اظہار سٹی پولیس کمشنر مسٹر مہندر ریڈی نے کیا۔ وہ ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ نقلی پولیس کی سرگرمیوں، سرقہ کی وارداتوں، رہزنی کے واقعات میں بتدریج اضافہ کی وجوہات بتاتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ مجرمین کو سخت سزا یقینی بنانا ضروری ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ سخت گیر قانون کے لئے حکومت سے سفارش کی جائے گی اور سخت سزا کیلئے قانون کو تیار کیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ نقلی پولیس کے معاملات میں گرفتار افراد کو سارق ہی کے زمرہ میں لیا جارہا ہے۔ جس کے سبب ضمانت کے حصول سے نقلی پولیس معاملہ میں گرفتار افراد باہر آرہے ہیں اور دوبارہ پھر اپنی حرکتوں میں ملوث ہورہے ہیں لہذا موجودہ قوانین ان کے لئے ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ناکافی ثابت ہورہے ہیں بلکہ سخت گیر قوانین ضروری ہیں جس کے لئے حکومت سے سفارش کی جائے گی۔