احمدآباد 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے 9 امیدواروں کو میدان میں اُتارتے ہوئے بی جے پی داغدار قائدین کی پہلی جماعت بن گئی ہے۔ اِس کے بعد کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے لئے مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے 4 امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے۔ امیدواروں کی جانب سے داخل کردہ حلف نامہ کے مطابق اِن دو قومی پارٹیوں کے علاوہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور جنتادل (یو) نے بھی مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے کئی امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے۔ جبکہ عام آدمی پارٹی کے ایک امیدوار کو ازالہ حیثیت عرفی کے مقدمہ کا سامنا ہے۔ اِسی دوران دہلی میں انتخابی مہم آج ختم ہوگئی جہاں سہ رخی مقابلہ ہے۔ 1.27 کروڑ رائے دہندے بی جے پی، کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ دہلی میں عام آدمی پارٹی کو اسمبلی انتخابات میں زبردست کامیابی ملی تھی۔