گلاسگو۔19 جولائی(سیاست ڈاٹ کام)گھٹنے کے زخم سے صحتیابی کے بعد ہندوستانی ہاکی ٹیم میں واپسی کرنے والے میڈ فیلڈر دانش مجتبیٰ چاہتے ہیں کہ وہ کامن ویلتھ گیمس میں کپتان سردار سنگھ کا جہاں تک ممکن ہوسکے بہتر تعاون کریں ۔ دانش جو کہ گذشتہ برس مئی میں گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے لیکن صحت یابی کے بعد نہ صرف ان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے بلکہ انہوں نے ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل نیدرلینڈس کے مقام ہیگ کا دورہ بھی کیا تھا لیکن ہندوستانی ہاکی ٹیم نے اس ٹورنمنٹ میں ناقص مظاہرہ کیا اور ٹیموں کے جدول میں نواں مقام حاصل کیا تھا ۔ کامن ویلتھ گیمس کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے دانش مجتبیٰ نے کہا کہ ان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے
اور انہوں نے اپنی تمام تر توجہ مقابلہ کے دوران میڈفیلڈ میں کپتان سردار سنگھ کا حتی الامکان بہتر تعاون پر مرکوز کردیا ہے ۔ مجتبیٰ نے مزید کہا کہ میڈ فیلڈ میں کپتان سردار سنگھ کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں دھرم ویر سنگھ ‘چین گیلان سنا سنگھ کے علاوہ من پریت سنگھ موجود ہیں ۔ ان تمام کھلاڑیوں کے ساتھ میرا تعاون بہتر ہونے کے بعد ہماری ٹیم کا میڈ فیلڈ کافی مضبوط ہوگا ۔ مجتبیٰ نے مقابلے کی حکمت عملیوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک میڈ فیلڈ تیزی کے ساتھ مظاہرہ کرے گا وہاں تک ٹیم کی کامیابیوں کے امکانات روشن ہوں گے ۔ 111بین الاقوامی مقابلوں میں ہندوستانی ہاکی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے مجتبیٰ کے علاوہ دیگر سینئر کھلاڑیوں میں گرویندر سنگھ چنڈی نے بھی ٹیم میں واپسی کی ہے ۔