نئی دہلی، 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں کو مجاہدین آزادی کی تکلیفوں کا احساس رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے آج کہا کہ انہیں اسے سمجھنے کے لئے آزادی کی جنگ کے اہم مقامات کا سفر ضرور کرنا چاہئے ۔مسٹر مودي نے ریڈیو پر اپنے ماہانہ پروگرام ‘من کی بات’ میں ملک کے باشندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ "آج ویر ساورکر جی کی جینتی ہے ۔ میں ملک کی نوجوان نسل کو ضرور کہونگا کہ ہمیں جو آزادی ملی ہے اس کے لئے لوگوں نے کیسی مصیبت جھیلی تھی، کتنی تکلیفیں اٹھائی تھیں، اگر ہم سیلولر جیل جاکر کے دیکھیں، اس کو کالاپانی کیوں کہا جاتا تھا، اس کو دیکھنے کے بعد ہی پتہ چلتا ہے ۔ آپ بھی کبھی موقع ملے تو ضرور، ایک طرح سے ہماری آزادی کی جنگ کے مزار کی زیارت کو ضرور جانا چاہئے ۔