مثبت سوچیں اور زندگی خوشگوار بنائیں

جو لوگ مثبت انداز میں سوچتے ہیں، وہی زندگی میں کامیاب رہتے ہیں۔ ایسا نہیں کہ ان کے راستے میں ناکامیاں بالکل نہیں آتیں، بلکہ اصل بات یہ ہے کہ وہ اپنی ناکامیوں پر دلبرداشتہ ہوکر ہمت نہیں ہارتے اور نہ ہی کسی دوسرے کو ان کیلئے مورد الزام ٹھہراتے ہیں۔ اس کے بجائے وہ اپنی کوششیں جاری رکھتے ہیں اور بالآخر اپنی منزل تک پہنچنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ منفی سوچ اور منفی اندازِ فکر رکھنے سے سوائے اپنے ہی نقصان کے، کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ بہت سے لوگ اپنے آپ کو ہوشیار گردانتے ہیں اور دوسروں پر کبھی اعتبار نہیں کرتے۔

وہ سمجھتے ہیں کہ دنیا میں کوئی کسی کیلئے اچھا نہیں سوچتا اور نہ ہی کسی کا اچھا چاہتا ہے۔ جبکہ سچ یہ ہے کہ وہ خود کسی کیلئے اچھا نہیں سوچ سکتے لہذا اپنی عینک سے ہر ایک کو دیکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ لوگوں کی نظروں میں خود اپنا اعتبار کھو بیٹھتے ہیں اور پھر ہمہ وقت اپنی قسمت اور حالات کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس لئے ہمیشہ اچھا سوچیں اور ہر ایک سے اچھی طرح پیش آئیں، کیا خبر کہ زندگی کی رہگزر پر کب کون آپ کیلئے اہمیت اختیار کرجائے اور مشکل گھڑی میں آپ کا ہمدرد ثابت ہو ۔