متوفی کانسٹبل کی پولیس اعزازات کے ساتھ آخری رسومات

حیدرآباد 3 اگست (این ایس ایس) مسلح ریزرو پولیس کے کانسٹبل ایشور راو کی آج سینکڑوں رشتہ داروں اور پولیس ملازمین کی موجودگی میں آخری رسومات ادا کی گئیں۔جمعہ کی شب نقلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث مجرمین کی ٹولی کے ایک رکن نے انہیں چاقو گھونپ کر اس وقت ہلاک کردیا تھا جب وہ ان مجرمین کو پکڑنے کی مہم میں مصروف ٹیم کے ساتھ دھاوا کررہے تھے ۔ ایشور راو کا تعلق ضلع سریکا کلم کے بارو بجلی منڈل سے تھا ۔ وہ 2011 سے حیدرآباد میں پولیس ڈیوٹی انجام دے رہے تھے ۔ ایشور راو حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر ٹاسک فورس سے وابستہ تھے جن کے پورے پولیس اعزازات کے ساتھ آخری رسومات انجام دیئے گئے ۔