نئی دہلی ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے پاس عالمی معیاری کارکردگی پیش کرنے والوں کا اچھا امتزاج ہے اور یہ چیز انھیں آنے والے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں کافی پسندیدہ ٹیم بناتی ہے، سابق بیٹسمن ویریندر سہواگ نے آج یہ بات کہی۔ سہواگ حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میزبانوں کے پاس طاقتور بیٹنگ لائن اپ اور کاٹ دار بولنگ اٹیک ہے۔ ’’ہمارے پاس روہت شرما، ویراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے جیسے بیٹسمین اور بولرز جیسے جسپریت بومبرا، آشیش نہرا اور رویندر جڈیجا اور روی چندرن اشوین کا اسپن اٹیک ہے۔ میرے خیال میں ہندوستان کو اس کامپٹیشن کیلئے پسندیدہ ٹیم کا موقف حاصل ہے۔‘‘ سہواگ نے ٹاپ آرڈر میں روہت اور کوہلی کی موجودگی کو سراہا۔ سہواگ نے جو خود جارحانہ اوپنر رہے ہیں، کہا کہ روہت اور کوہلی مضبوط بیٹسمین بن چکے ہیں اور اگر وہ سات تا آٹھ اوورز کھیل جاتے ہیں تو پھر ہندوستان کو کوئی نہیں روک سکتا۔ سہواگ نے ٹیم میں واپسی کرنے والے پیسر نہرا کی بھی خصوصیت سے ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کو درکار ابتدائی کامیابیاں دلا رہے ہیں۔ نہرا کو گزشتہ آئی پی ایل میں اُن کے مظاہرے کی بناء نیشنل ٹیم میں شامل کیا گیا اور وہ بہتر مظاہرہ کررہے ہیں۔ ’’میرے خیال میں وہ اسی طرح اچھا کھیلیں گے جیسے انھوں نے 2011ء ورلڈ کپ میں ظہیر خان کے ساتھ مل کر کیا تھا۔ ‘‘ سہواگ نے انڈیا کو آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور پاکستان سے متنبہ کیا۔