منااکھیلی ؍27جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع انتظامیہ بیدر سے قربت رکھنے والے مؤرخ بی آر کونڈا چل بسے ۔ وہ 71برس کے تھے۔جمعرات کی صبح وہ گھر میں گرپڑے تھے کہ انھیں اسپتال لے جایاگیاجہاں ڈاکٹروں نے ان کے فوت ہونے کی اطلاع دی ۔ یہ بات ان کے خاندان کے فرد نے بتائی۔ پسماندگان میں تین لڑکیاں ہیں ۔ چھ ماہ قبل ان کیااہلیہ چل بسی تھیں ۔ سائنس کے میدان سے تعلق رکھنے والے پروفیسر بی آر کونڈا شہر کے بی وی بی کالج میں پروفیسر تھے۔ وہ تاریخ اور سماجی کاموں میں دلچسپی کا اظہارکرتے ۔کہاجاتاہے کہ علاقہ حیدرآباد کرناٹک کی تاریخ پر ان کی نظر تھی ۔ بیدر کے تاریخی مقامات کے بارے میں ضلع انتظامیہ ان سے مدد لیاکرتاتھا۔ تاہم وہ ایک متنازعہ مؤرخ تھے، جن سے اپنی حیات میں مورخِ بیدر جناب عبدالغفار ظفر نے اختلاف کیاتھا۔ادھر کچھ سال سے ان کی تاریخ دانی پر بھی مسلمانوں کی جانب سے شبہ کااظہارکیاجارہاتھا۔ کہاجاتاہے کہ انھوں نے بہمنی ، بریدشاہی ، قطب شاہی بادشاہوں کی تاریخ ، اور نظام سرکار سے متعلق تحریریں چھوڑی ہیں ۔ پرائمری اسکول کے ٹیچرسے اپنی زندگی کا آغاز کرچکے کونڈا کالج کے پرنسپل کے عہدہ تک ترقی کی ۔