بنگلور ۔ 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) تنازعات سے گھری دولتمند چمپیئن شپ انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کیلئے کل یہاں کھلاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی اور اس میں عالمی شہرت یافتہ ہندوستانی اور بیرونی کھلاڑیوں کے ہمراہ پہلی مرتبہ کئی باصلاحیت، غیرمعروف کھلاڑی بھی موجود رہیں گے۔ جسٹس مڈگل کمیٹی کی رپورٹ جس میں آئی پی ایل میں موجود بدعنوانیوں کو ثابت کیا ہے، اس سے آئی پی ایل کی ساکھ متاثر ضرور ہوئی ہے لیکن اس کا فرنچائز اور کھلاڑیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ کل یہاں منعقد شدنی نیلامی کی تقریب میں 514 کھلاڑیوں کا ہراج ہوگا جس میں 219 غیرمعروف کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ گذشتہ روز بی سی سی آئی کے صدر این سرینواسن کے داماد گرو ناتھ میپن کے خلاف سپریم کورٹ میں جو رپورٹ داخل کی گئی ہے اس میں صدر کے داماد کے خلاف سٹہ بازی اور ٹیم کی معلومات کو فراہم کرنے کے الزامات ثابت کئے گئے ہیں، جس کے بعد چینائی سوپرکنگس کی آئی پی ایل میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ چکا تھا۔ تاہم عدالت نے کھلاڑیوں کی نیلامی کو مقررہ وقت پر کرنے کی اجازت دی ہے۔ کھلاڑیوں کی نیلامی میں انگلینڈ کے متنازعہ بیٹسمین کیون پیٹرسن کے علاوہ ہندوستانی سینئر بیٹسمین ویریندر سہواگ اور یوراج سنگھ توجہ کا مرکز ہوں گے۔
دو روزہ نیلامی کے دوران سب سے اہم کھلاڑی نیوزی لینڈ کے آل راونڈر کورے جیمس اینڈرسن ہوں گے جنہیں 83 واں نمبر دیا گیا ہے اور وہ بین الاقوامی سطح پر آل راونڈرس کے زمرہ میں شامل ہیں۔ بیرونی کھلاڑیوں میں ہندوستان کے خلاف متواتر 3 سنچریاں اسکور کرنے والے جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کاک، آسٹریلیا کے ٹوئنٹی 20 کپتان جارج بیلی، نیوزی لینڈ کے کپتان برنڈن مکالم، ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سمیع اور آسٹریلیا کے سینئر بیٹسمین مائیکل ہسی قابل ذکر ہیں جبکہ ہندوستانی کھلاڑیوں میں پٹھان برادران، ظہیرخان اور پرویز رسول ایسے کھلاڑی ہیں جن پر نظریں مرکوز ہوں گی۔