متحدہ ریاست ، چیف منسٹر کی تقریر میں کرکٹ کا حوالہ

حیدرآباد۔ 25 جنوری ۔ ( سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج اسمبلی میں خود کو تلنگانہ کے خیرخواہ کے طورپر ظاہر کرتے ہوئے اپنے بیان میں کرکٹ کا حوالہ دیا ۔ اسمبلی میں اپنے بیان کے دوران چیف منسٹر نے کہا کہ انھوں نے نظام کالج ، عثمانیہ یونیورسٹی ، جنوبی ہندوستان کی انڈر 21، 22 اور 25 ٹیموں کی قیادت کی ہے حالانکہ انکے دور میں آندھرائی کرکٹ ٹیم بھی موجود تھی لیکن انھوں نے اس مقام کی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کو ترجیح دی جس کی گلیوں میں ان کا بچپن گزرا ہے ۔ خود کو حیدرآبادی ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ جس علاقے کے لئے انھوں نے کرکٹ ٹیم میں کپتانی کی ہے ریاست کی تقسیم سے اُس علاقہ کا نقصان ہوگا اور وہ یہ نہیں چاہتے کہ آندھراپردیش کی تقسیم سے تلنگانہ کا نقصان ہو ، اور اگر ایسا ہوا تو یہ نتیجہ ان کے لئے مایوس کن ہوگا کیونکہ جس علاقے کی کرکٹ ٹیم کی انھوں نے قیادت کی ہے وہ نقصان برداشت کرے ۔

ہند ۔ پاک سیریز کا میزبان متحدہ عرب امارات ؟
کراچی۔ 25 جنوری۔ (سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی نے پاکستان سے سیریز تیسرے مقام پر کھیلنے پر آمادگی ظاہرکردی ہے۔بی سی سی آئی اپنی ٹیم کومتحدہ عرب امارات بھی بھیجنے کیلئے تیار ہوگیا۔پاکستان نے حال ہی میں یو اے ای میں سری لنکااورجنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریزکھیلی ہے اور مستقبل میں بھی آسٹریلیا،نیوزی لینڈ اورزمبابوے کیخلاف سیریز متحدہ عرب امارات کے میدان میں کھیلے جائیں گے۔ امکان ہے کہ ہند سیریز بھی یہیں ہو۔ میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے ہند۔ پاک سیریزکی پیشکش کرنے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان جمی برف پگھل رہی ہے اور دونوں ملکوں کے شائقین ہند ۔ پاک سیریزکا کئی دنوںسے انتظارکررہے تھے۔