ظہیرآباد ۔ 9 ۔ جون ( ذریعہ ای میل ) ماہ رمضان تمام مہینوں کا سردار ہے ۔ ماہ رمضان میں ایک فرض ادا کرنا ستر فرض کا ثواب دیا جاتا ہے ۔ ماہ رمضان میں نفل کا ادا کرنا غیررمضان میں فرض کا ثواب ہے ۔ ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ ماہ رضمان میں روزہ کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کی تلاوت کریں جھوٹ سے سختی سے اجتناب کریں ۔ گالی گلوج ہرگز نہ دیں شکوہ شکایت بھی نہ کریں ۔ ہر برے فعل سے بچیں ۔ ماہ رمضان المبارک ہر مسلمان کیلئے توبہ و استغفار کا مہینہ ہے ۔ نمازوں کی پابندی سختی کے ساتھ کریں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا یوسف صوفی قادری خطیب مسجد حفیظ کملیہ ظہیرآباد مہمان خصوصی ماہانہ محفل سید نور الانور اسد گنج گوپن پلی میں زبرسرپرستی مولانا خواجہ محمد اعجاز علی شاہ قادری افتخاری الچشتی انواری سجادہ نشین درگاہ حضرت سید نورالانوار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں رحمتوں کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں جہنم کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں ۔ مولانا نے مزید کہا کہ روزہ دار کے منہ کی بو اللہ تعالی کے نزدیک مشک و عنبر سے زیادہ خوشبودار ہے روزہ دار روزے کی حالت میں اللہ کا خوف رکھتا ہے ۔ جس طرح ایک مسلمان میں ہمیشہ اللہ کا خوف ہونا چاہئے وہ ویسا خوف ماہ رمضان میں رکھتا ہے ۔ اس موقع پر سید دستگیر ، محمد ابو بھائی اور دیگر کئی احباب ماہانہ محفل میں شریک رہے ۔ بعد دعا مولانا یوسف صوفی کے محفل کا اختتام عمل میں آیا ۔