شاری نگر (اتراکھنڈ) 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گاندھی خاندان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے نریندر مودی نے آج کہاکہ یہ ماں بیٹے کی حکومت کو بیدخل کردیا جانا چاہئے۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ لوٹ مار مچانے والے اس خاندان کو ہرگز اقتدار پر نہ بٹھائیں۔ اتراکھنڈ کے عوام ان لٹیروں کی حکومت کو گرادیں کیونکہ یہ لٹیرے عوام کی محنت کی کمائی کو لوٹ کر بیرونی بینکوں میں اپنے کالے دھن کو پوشیدہ رکھتے ہیں۔ بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نے الزام عائد کیاکہ ماں اور بیٹے (سونیا گاندھی اور راہول گاندھی) کی حکومت نے ملک کو تباہ کردیا ہے اور اس ملک کا سب سے صدمہ خیز دور ان کی حکمرانی کا رہا ہے۔ کیا حکومت کی خرابیوں سے عوام متاثر نہیں ہوئے ہیں۔ حکومت کی رشوت ستانی اور مہنگائی کا اثر عوام پر نہیں پڑا ہے۔ آپ نے آخر بوفورس کو کیوں بھلادیا۔ اگر آپ ملک کی دولت کو بیرونی ملکوں سے واپس لانا چاہتے ہیں تو نئی دہلی میں موجود لٹیروں کی حکومت کو بیدخل کریں اور میری حکومت کو لائیں۔ نریندر مودی نے پراثر اور پرہجوم جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکز میں اس ماں بیٹے کی حکومت کو غریبوں کے دکھ درد کا قطعی احساس نہیں ہے۔ کیوں کہ یہ لوگ محلوں میں پیدا ہوئے اور سونے کے چمچوں میں کھانا کھایا ہے۔ انھیں بھوک اور پیاس کیا ہوتی ہے اس کا ذرا بھی اندازہ نہیں ہے۔ اُنھوں نے پھر ایک بار خود ایک محنت کش دیانتدار اور ’’چائے والا‘‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ میںنے ایک ریلوے کمپارٹمنٹ سے دوسرے ریلوے کمپارٹمنٹ سے دوسرے ریلوے کمپارٹمنٹ میں عوام کو چائے پلائی ہے۔ ان انتخابات میں ماں، بیٹے اور ان کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے۔ ایک طرف چائے والا ہے دوسری طرف ماں بیٹا ہیں۔ ایک طرف نامدار ہیں دوسرے طرف کامدار ہے۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مودی نے کہاکہ گزشتہ 60 سال کے دوران ملک کو تباہ کردیا گیا۔ آپ مجھے 60 ماہ کا موقع دیجئے اس ملک کے چوکیدار کو حیثیت سے ترقی دلاؤں گا۔