ماں بیٹی کا جھگڑا بیٹی کی خودسوزی

حیدرآباد /3 اگست ( سیاست نیوز ) ماں بیٹی کے درمیان فلیٹ کے مسئلہ پر جھگڑا بیٹی کی موت کا سبب بن گیا ۔ جہاں 24 سالہ پروین بیگم نے اپنی والدہ کی مبینہ ہٹ دھرمی سے دلبرداشتہ ہوکر خودسوزی کرلی ۔ یہ واقعہ میاں پور پولیس حدود میں پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پروین حفیظ پیٹ علاقہ کے ساکن محمد صمد کی بیوی تھی اور یہ خاتون شادی کے بعد بھی اپنے مائیکے میں رہتی تھی ۔ میاں پور پولیس نے بتایا کہ پروین بیگم کے نام پر ایک فلیٹ دیا گیا تھا اور پروین کی والدہ نے اپنی بیٹی کے علم میں لائے بغیر اس فلیٹ کو فروخت کردیا تھا ۔ جب پروین نے اپنی والدہ سے فلیٹ فروخت کرنے کے تعلق سے وضاحت طلب کی تو ان دونوں ماں بیٹی کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا ۔ جس سے دلبرداشتہ ہوکر پروین نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس میاں پور مصروف تحقیقات ہے ۔