حیدرآباد ۔ یکم اپریل (پریس نوٹ) ماؤنٹ مرسی اسکول، ٹولی چوکی میں اسکول کے طلباء و طالبات نے اپنی دینی اور عربی زبان کی تعلیم کا ایک جلسہ میں شاندار اور متاثرکن مظاہرہ پیش کیا۔ 24 مارچ کو اسکول کے احاطہ میں منعقدہ اس پروگرام کو ’’دینی اور عربی تعلیمی ایکس پوزیشن‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔ جناب سید علی اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ، مولانا راشد ندوی، ضیاء الدین نیر نائب صدر العصر سوسائٹی نے اس جلسہ میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس پروگرام کی خاص بات یہ بھی تھی کہ تمام کارروائی اور پروگرام صرف اسکول کے طلباء و طالبات نے پیش کئے۔ ایل کے جی سے 9 ویں جماعت تک کے طلباء و طالبات نے اپنی دینی اور عربی قابلیت کو مہمانان کے روبرو پیش کیا اور خوب داد پائی۔ ایل کے جی، یو کے جی اور چھوٹی جماعتوں کے بچوں نے عربی کے قواعد کی گردان سناکر سب کو حیرت میں ڈال دیا۔ ایک انگریزی تعلیمی ادارہ کے طلباء سے اس قسم کی دینی اور عربی تعلیم کا مظاہرہ تمام شرکاء کے لئے حیرت کے ساتھ ساتھ حسرت کا بھی باعث تھا۔ جلسہ کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا۔ خوش لحن قاری کے بعد دلسوز آواز میں نعت شریف پیش کی گئی۔ جن کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے مختلف پروگرامس پیش کئے گئے۔ جس میں تمام کلاسوں کے نمائندہ طلباء و طالبات نے اپنی دینی اور عربی تعلیمی قابلیت، عربی گرامر کی فنی باریکیوں کو سورۃ الفیل کی آیات کی روشنی میں پیش کیا۔ دینی سوالات اور جوابات، قرأت کلام پاک بنیادی دینی سوالات کے پروگراموں کو اولیاء طلباء اور مہمانان گرامی نے خوب پذیرائی کی۔ اس سال 50 طلباء و طالبات نے اسکول میں ناظرہ قرآن کی تکمیل کی جنھیں مہمانان گرامی کے ہاتھوں قرآن شریف کا ہدیہ پیش کیا گیا اور خواہش کی گئی کہ وہ اس بابرکت عمل کو جاری رکھیں۔ آخر میں اسکول ترانہ نہایت جوش و خروش سے پڑھایا گیا۔ جس کے بعد ڈائرکٹر اسکول جناب سید عبدالمتکبر ارشد نے جناب راشد ندوی کو اپنے تاثرات اور مشوروں کے لئے اسٹیج پر دعوت دی۔ جناب ندوی نے اپنی پسند اور سیرت کا اظہار کیاکہ ایک انگریزی زبان کے تعلیمی مدرسہ میں دینی اور قرآن تعلیمی پروگرام کا انعقاد خوش آئند ہے۔ اس سارے پروگرام کے انعقاد میں اسکول کے عربی اساتذہ مولوی جمال الدین بابر (کامل) ، محترمہ زینت بیگم (ایم اے عربی) اور فاطمہ الزہرہ (فاضلہ) نے بچوں کی رہنمائی کی۔