مانچسٹر یونائیٹیڈ کے بچکانہ انداز پر جوس مورنہو کی تنقید

لیسسٹر 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مانچٹسر یونائیٹیڈ کے جوس مورنہو نے لیسسٹر کے خلاف میچ میں آخری لمحات میں گول کا موقع دینے پر اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے بچکانہ انداز پر مذمت کی ہے ۔ مورنہو کی ٹیم لیسسٹر کے خلاف ہوئے میچ میں کامیابی سے صرف چند سکنڈ دور تھی کہ لیسسٹر کے کھلاڑیوں نے آخری سکنڈز میں گول داغتے ہوئے اسکور کو 2 – 2 سے مساوی کردیا اورمیچ ڈرا ہوگیا ۔ لیسسٹر کیلئے جیمی وارڈی نے پہلا گول کیا اور ٹیم کو سبقت دلائی تھی تاہم بعد میں مانچسٹر یونائیٹیڈ نے دو گول کرتے ہوئے سبقت حاصل کرلی تھی ۔ آخری لمحات میں تاہم ہیری میگوائر نے ناقابل یقین انداز میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 2 – 2 سے مساوی کردیا اور میچ ڈرا ہوگیا ۔ مورنہو نے کہا کہ چونکہ ہم نے کئی مواقع گنوا دئے اس لئے ہم کامیابی حاصل نہیں کرسکے ۔