مانچسٹر ٹی 20 میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ہرایا

مانچسٹر، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان مکمل سیریز کا واحد ٹی 20 میچ میزبانوں نے مہمانوں کو 56 رنز سے شکست دے کر اپنے نام کر لیا ہے۔ یہ میچ گزشتہ روز اولڈ ٹرافورڈ کرکٹ گرائونڈ مانچسٹر میں کھیلا گیا، جہاں اوئن مورگن زیرقیادت انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 191/7 اسکور کئے، جس میں کپتان مورگن کے صرف 4 رنز شامل ہیں۔ میزبان بیٹسمن جو روٹ نے 68 رنز اسکور کئے۔ کیویز ٹیم کی جانب سے مچل سنٹنر اور مچل مکیلاگن نے 2،2 وکٹیں حاصل کئے۔ کیوی ٹیم 192 رنز کے ٹارگٹ پر بری طرح ناکام ہوئی اور 16.2 اوورز میں 135 پر آل آئوٹ ہو گئی۔ ٹیم کی جانب سے کین ولیمسن کے 57 اور کپتان برینڈن مک کلم کے برق رفتار 35 رنز بھی کیویز کو شکست سے نہ بچا سکے، جبکہ انگلینڈ کیلئے ڈیوڈ ویلی اور مارک ووڈ نے 3،3 وکٹیں حاصل کئے۔ اس میچ کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز مکمل ہو گئی ، جس کا اسکور کچھ یوں ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹسٹ سیریز 1-1 سے برابر رہی، جبکہ ونڈے سیریز اور ٹی 20 میں انگلینڈ کامیاب رہا۔ اب انگلش ٹیم کا اگلا ہدف ایشز سیریز ہے، جس کو کھیلنے کیلئے کینگروز ٹیم انگلینڈ کی سرزمین پر قدم رکھ چکی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹسٹ 8 جولائی سے کارڈف میں کھیلا جائے گا۔